پاکستان میں پہلا روزہ کب ہوگا؟ رمضان 2026 سے متعلق تازہ پیشگوئی

پاکستان میں رمضان المبارک 1447 ہجری کے آغاز سے متعلق اہم پیشگوئی سامنے آگئی ہے۔ ڈی جی محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں رمضان کا چاند 18 فروری کو نظر آنے کے روشن امکانات موجود ہیں، جس کے نتیجے میں پہلا روزہ 19 فروری 2026 کو ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کی جاری کردہ معلومات کے مطابق نئے چاند کی پیدائش 17 فروری کو شام 5 بج کر ایک منٹ پر ہوگی۔ ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ 18 فروری کی شام تک چاند کی عمر اتنی ہو جائے گی کہ اس کی رویت ممکن ہوسکے۔ اسی روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم صاف یا جزوی ابر آلود رہنے کی پیشگوئی ہے، جو چاند دیکھنے کے امکانات کو مزید بہتر بنا سکتی ہے۔

رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس طلب

رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس بھی طلب کیا جائے گا، جہاں ملک بھر سے موصول ہونے والی شہادتوں کی بنیاد پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

محکمہ موسمیات نے صوبوں کے لیے چاند دیکھنے کے اوقات بھی جاری کر دیے ہیں۔ جاری تفصیلات کے مطابق:

  • سندھ میں چاند دیکھنے کا آخری وقت شام 7 بج کر 24 منٹ ہوگا۔
  • پنجاب میں چاند دیکھنے کا وقت شام 7 بج کر 8 منٹ تک ہوگا۔
  • بلوچستان میں چاند دیکھنے کا آخری وقت شام 7 بج کر 47 منٹ مقرر کیا گیا ہے۔

ماہرین کے مطابق اگر 18 فروری کو چاند نظر آ جاتا ہے تو پاکستان میں پہلا روزہ 19 فروری 2026 کو ہوگا۔ تاہم رمضان المبارک کے باضابطہ آغاز کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے سرکاری تصدیق کے بعد ہی کیا جائے گا۔

رمضان 2026 کے حوالے سے صدقۂ فطر اور فدیہ کی نئی رقوم کا اعلان بھی متوقع ہے، جس کی تفصیلات سرکاری اعلان کے بعد جاری کی جائیں گی۔

Leave a Comment